ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے آئندہ اکتوبر میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ کے بعد کرکٹ کے اس سب سے چھوٹے فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ کھیل کے بڑھتے دباؤ کی وجہ سے ٹی-20 کرکٹ کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ لیا گیا ہے اور یہ فیصلہ کافی غور و خوض کے بعد لیا گیا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں وراٹ کوہلی نے ٹی-20 کی کپتانی چھوڑنے کے تعلق سے کوچ روی شاستری اور ہندوستانی بلے باز روہت شرما سے مشورہ کیے جانے کا تذکرہ بھی کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں نے ٹی-20 فارمیٹ میں کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ اپنے قریبی لوگ چیف کوچ روی شاستری اور روہت شرما سے صلاح لینے کے بعد لیا۔‘‘ وراٹ نے مزید لکھا ہے کہ ’’میں نے اپنی کپتانی کے وقت میں ٹیم کو کافی کچھ دیا ہے۔ وَرک لوڈ کو دیکھتے ہوئے میں نے 2021 ٹی-20 عالمی کپ کے بعد ٹی-20 فارمیٹ میں ہندوستان کی کپتانی چھوڑنے کا فیصل لیا ہے۔ لیکن میں ٹیم کے لیے بطور بلے باز تعاون کرتا رہوں گا۔‘‘

دراصل کوہلی نے ٹیسٹ اور وَن ڈے کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے مقصد سے ٹی-20 فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ لیا ہے، یعنی وہ ٹیسٹ اور وَن ڈے کی کپتانی کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ کوہلی نے 45 ٹی-20 میچ میں ہندوستان کی کپتانی کی جن میں سے 29 میں کامیابی حاصل ہوئی۔