انوشکا شرما نے اپنی آئندہ فلم ’چکڑا ایکسپرس‘ کے لیے ٹریننگ شروع کر دی ہے اور وہ گیندبازی کا ہنر سیکھنے کے لیے خوب پسینہ بہا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں انوشکا نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’Get-Sweat-Go چکڑا اکسپریس کے دن گنتے ہوئے ہم ہارڈ اور انٹینس ہو رہے ہیں۔‘‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انوشکا شرما ’چکڑا ایکسپریس‘ کے لیے خوب محنت کر رہی ہیں۔ چھوٹی سی ویڈیو کلپ میں انوشکا کی ٹریننگ کے ہر پہلو کو یکجا کیا گیا ہے۔ اس میں وہ بلیک ٹی-شرٹ اور ٹراؤزر پہنے ورزش کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں، گیندبازی کا ہنر سیکھ رہی ہیں اور بلے بازی میں بھی اپنے ہاتھ آزما رہی ہیں۔ انوشکا شرما کی محنت دیکھ کر ان کے شیدائی ابھی سے ’چکڑا ایکسپریس‘ کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ انوشکا کے چاہنے والے انھیں کئی سال بعد بڑے پردے پر دیکھنے کے لیے بھی بے قرار ہیں۔
غور طلب ہے کہ ’چکڑا ایکسپریس‘ ہندوستانی خاتون تیز گیندباز جھولن گوسوامی کی زندگی پر مبنی ہے۔ اس میں ان کی جدوجہد اور سخت محنت کو بڑے پردے پر دکھایا جائے گا۔ جھولن کا کردار ادا کر رہیں انوشکا کافی پُرجوش ہیں۔ انہوں نے اسے اپنے لیے خاص پروجیکٹ بتایا ہے۔ ماں بننے کے بعد انوشکا کی یہ پہلی فلم ہوگی۔ اس سے پہلے وہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’زیرو‘ میں نظر آئی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے فلموں سے کچھ برسوں کا وقفہ لے لیا تھا۔