ویریندر سہواگ سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتے ہیں اور مزاحیہ انداز سے کرکٹ شیدائیوں کی تفریح بھی خوب کرتے ہیں۔ 24 اکتوبر کو ہند-پاک کے درمیان ٹی-20 عالمی کپ کا مقابلہ کھیلے جانے سے قبل بھی سہواگ نے ایک پوسٹ کیا ہے۔ دراصل انھوں نے کرکٹ شیدائیوں سے 22 اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’کو‘ (Koo) پر ایک دلچسپ سوال پوچھا ہے۔ سہواگ کا سوال ہے’’کیا پرسوں پاکستان میں زیادہ ٹی وی بکیں گے؟‘‘ اس سوال پر انھوں نے پول شروع کیا ہے، یعنی چار متبادل پیش کیے گئے ہیں۔ متبادل ہیں (1) نہیں بکے گا بالکل، (2) آدھی آبادی کو خریدنا پڑے گا، (3) نوٹ مَچ (زیادہ نہیں)، (4) بمپر بکیں گے۔
ویریندر سہواگ کے پول پر تقریباً 1000 لوگوں کی ووٹنگ ہو چکی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریباً نصف لوگوں نے ’بمپر بکے گا‘ آپشن کا انتخاب کیا ہے۔ سب سے کم ’نوٹ مَچ‘ کا انتخاب ہوا ہے۔ غور طلب ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اب تک ہندوستان کو عالمی کپ (یک روزہ اور ٹی-20) مقابلوں میں ایک بار بھی شکست نہیں دے پائی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی عالمی کپ میں ہند-پاک مقابلہ ہوتا ہے تو پاکستان کا خوب مذاق بنتا ہے۔ سہواگ کا یہ پول بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ ٹی وی پر بھی پہلے سے ہی کئی دلچسپ ویڈیو اشتہارات سامنے آ چکے ہیں اور شائقین خوب محظوظ بھی ہو رہے ہیں۔ ’موقع-موقع‘ ویڈیو اشتہار اس کی بہترین مثال ہے، جس نے سب کا دل جیت لیا ہے۔