آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے 30 اپریل کو شرابی افسران کے تعلق سے ایک اہم بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ شراب کے عادی افسران کو ’وی آر ایس‘ یعنی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی پیشکش کی جائے گی۔ یعنی ایسے افسران جو حد سے زیادہ شراب کا نشہ کرتے ہیں، ان کے لیے اب ملازمت سے سبکدوش ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ وی آر ایس (والنٹری ریٹائرمنٹ اسکیم) دینے کا عمل شروع بھی ہو چکا ہے۔ والنٹری ریٹائرمنٹ سے خالی ہونے والی جگہوں کو بھرنے کے لیے نئی بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے مطابق تقریباً 300 افسران اور جوان ایسے ہیں جو شراب کے عادی ہیں۔ بہت زیادہ شراب پینے سے ان کے جسم کو نقصان پہنچا ہے۔ حکومت نے ان کے لیے وی آر ایس کا راستہ اختیار کیا ہے۔ یہ جانکاری وزیر اعلیٰ نے ایک تقریب میں شرکت کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے دی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ ایک پرانا ضابطہ ہے، لیکن ہم نے پہلے اسے نافذ نہیں کیا تھا۔

ہیمنت بسوا سرما کے بیان سے ظاہر ہے کہ ریاست میں شرابی افسران یا جوان کے لیے اب دو ہی راستے ہیں۔ ایک تو یہ کہ وہ شراب پینا چھوڑ دیں، یا پھر دوسرا راستہ وی آر ایس کا ہے جس کے تحت انھیں اپنی ملازمت چھوڑنی ہوگی۔ امید کی جا رہی ہے کہ ریاستی حکومت کے تازہ فیصلے کو دیکھتے ہوئے کئی افسران شراب سے دوری بنا لیں گے۔