اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب 7 مراحل میں کیے جانے کا اعلان ہو چکا ہے۔ 403 اسمبلی سیٹوں کے لیے 10 فروری، 14 فروری، 20 فروری، 23 فروری، 27 فروری، 3 مارچ اور 7 مارچ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس درمیان آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے معروف لیڈر وارث پٹھان نے مسلمانوں سے متحد ہو کر ووٹنگ کرنے اور مجلس کے امیدواروں کو فتحیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔

دراصل وارث پٹھان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے۔ اس میں وہ مجلس سربراہ اسدالدین اویسی کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں ’’آپ کو وزیر اعظم بننے کا شوق ہے، نہ وزیر علیٰ بننے کا۔ وہ تو آپ کے بیچ سے آئے ہیں تاکہ آپ کے اپنے میں سے لیڈر پیدا کر سکیں، جو اپنے حق کی لڑائی لڑے۔ آپ کا اور ہمارا فرض بنتا ہے کہ ان کا ساتھ دیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں ’’ہم بکھرے رہے اور سوچتے رہے کہ مجلس کا ساتھ نہیں دیں گے، دوسرے کے ساتھ چلے جائیں گے، تو آج تک جو غلطی کرتے آئے آگے بھی وہی غلطی ہوتی رہے گی۔‘‘ پھر وارث پٹھان غالب کا یہ شعر پڑھتے ہیں

زندگی بھر یہی غلطی کرتے رہے غالبؔ
دھول تھی چہرے پہ اور آئینہ صاف کرتے رہے(1)

ویڈیو کے آخر میں وارث کہتے ہیں ’’اب ہم کو متحد ہونا پڑے گا، ایک پرچم تلے آنا پڑے گا۔ ہم سب کو مل کر مجلس کا ساتھ دینا ہوگا۔ اس کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر ایوانِ اسمبلی کے بھیجنا پڑے گا۔

(1. وارث پٹھان نے یہ شعر غلط پڑھا ہے۔ ویسے بھی یہ شعر غلط طور پر غالب سے منسوب ہے۔)