پاکستان کے لیے 499 بین الاقوامی میچ کھیل چکے انضمام الحق کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ یہ ویڈیو 3 ستمبر کو ’پاکستان اَنٹولڈ‘ نامی ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کی گئی، جو اب موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ اس ویڈیو میں انضمام الحق کسی پرانے واقعہ کا تذکرہ کر رہے ہیں اور ہندوستان کے سابق آف اسپن گیندباز ہربھجن سنگھ کے تعلق سے بتاتے ہیں کہ وہ مولانا طارق جمیل کی باتوں سے انتہائی متاثر تھے۔

ویڈیو 1 منٹ 46 سیکنڈ کی ہے جس میں انضمام الحق نمازِ مغرب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں ’’عرفان پٹھان، محمد کیف اور ظہیر خان ہمارے ساتھ نماز پڑھنے آتے تھے۔ ساتھ میں کچھ غیر مسلم ہندوستانی کھلاڑی بھی آ جاتے تھے جو بیٹھ کر مولانا (طارق جمیل) کی بات سنتے تھے۔ ایک دن مجھ سے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ یہ جو آدمی (مولانا طارق جمیل) ہے نہ، میرا دل کرتا ہے کہ اس کی بات مان لوں۔ تو میں نے کہا کہ مان لو پھر، کیا مشکل ہے۔ پھر وہ کہنے لگا کہ تمھیں دیکھ کر رک جاتا ہوں۔‘‘

انضمام الحق کی باتوں سے محسوس ہوتا ہے کہ ہربھجن سنگھ اسلام کے بارے میں جانکاری حاصل کر اچھا محسوس کرتے تھے۔ حالانکہ ویڈیو میں اس تعلق سے کچھ بھی وضاحت نہیں ہے کہ انضمام کس سیریز یا کس دورے کی بات کر رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے تین دن بعد بھی ہربھجن سنگھ کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔