ٹی-20 عالمی کپ میں پاکستان کو لگاتار دوسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس سے پاکستانی کپتان بابر اعظم بے حد مایوس نظر آ رہے ہیں۔ پہلے میچ میں 23 اکتوبر کو ہندوستانی ٹیم نے آخری گیند پر پاکستان کو دلچسپ مقابلے میں 4 وکٹ سے شکست دی تھی، اور آج (27 اکتوبر) دوسرے میچ میں بھی پاکستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف آخری گیند تک چلے مقابلے میں 1 رن سے ہار گئی۔ سانس روک دینے والے اس میچ کے بعد کپتان بابر اعظم نے ٹیم کی کارکردگی، خصوصاً بلے بازی پر سخت مایوسی کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ ’’ہماری ٹیم کی کارکردگی بہت خراب رہی۔ ہم بلے بازی میں اپنی امیدوں کے مطابق مظاہرہ نہیں کر پائے۔ ہمارے پاس اچھے بلے باز تھے، لیکن دونوں اوپنر پاور پلے میں آؤٹ ہو گئے۔ جب شاداب اور شان مسعود کی شراکت داری مضبوط ہو رہی تھی تو بدقسمتی سے شاداب آؤٹ ہو گیا، اور پھر لگاتار وکٹ گرنے سے ہم دباؤ میں آ گئے۔‘‘ پھر بابر کہتے ہیں ’’ہم بیٹھیں گے اور اپنی غلطیوں کے بارے میں بات کریں گے۔ ہم سخت ٹریننگ لیں گے اور اگلے مقابلے میں مضبوط واپسی کریں گے۔‘‘

غور طلب ہے کہ آج زمبابوے کے کپتان کریگ اِرون نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کافی جدوجہد کے بعد زمبابوے 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 130 رن بنانے میں کامیاب ہوا تھا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 129 رن ہی بنا سکی۔