سیاسی لیڈروں کے ذریعہ شرمناک اور گھناؤنا بیان دینا اب کوئی نئی بات نہیں رہ گئی ہے۔ خواتین کے جنسی استحصال جیسے سنجیدہ مسائل پر بھی عجیب و غریب بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔ اب کرناٹک کے کانگریس رکن اسمبلی رمیش کمار کے ایک بیان نے سبھی کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ یقین نہیں ہو رہا کہ کوئی اتنا بیہودہ بیان کیسے دے سکتا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’جب عصمت دری ہونی ہی ہے تو لیٹے رہو اور اس کے مزے لو۔‘‘ آپ کو حیرانی ہوگی کہ یہ شرمناک بیان اسمبلی کے اندر دیا گیا۔ اس سے بھی زیادہ حیران کن ہے اسمبلی اسپیکر وشویشور ہیگڑے کاگیری کا قہقہہ لگانا۔

نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے رمیش کمار کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس میں وہ کہتے ہیں ’’دیکھیے ایک کہاوت ہے– جب عصمت دری ہونی ہی ہے، تو لیٹو اور مزے لو۔‘‘ اس پر اسمبلی اسپیکر کاگیری انھیں روکنے اور کارروائی کرنے کی جگہ ہنستے ہوئے دکھائی دیے۔ اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین نے بہت ناراضگی ظاہر کی ہے۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنے تبصرہ میں لکھا ہے ’’ایک لیڈر دوسری پارٹی کی ہمیشہ مخالفت ضرور کرتا ہے، لیکن اس بیہودہ بات پر قہقہے سبھی نے لگائے۔ یہ اس پارٹی رکن اسمبلی کے الفاظ ہیں جن کی خود کی پارٹی صدر خاتون ہے۔‘‘ ایک دیگر ٹوئٹر صارف نے لکھا ’’پرینکا گاندھی کہتی ہیں- لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں۔ کانگریس رکن اسمبلی رمیش کمار کہتے ہیں- مت لڑو، مزے کرو۔‘‘