امریکہ کی لیجنڈ ٹینس کھلاڑی مارٹینا نوراتلوا کے ذریعہ 10 اکتوبر کو کیے گئے ایک ٹوئٹ پر تنازعہ ہوگیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انہوں نے ہندوستانی سیاست کے تعلق سے ایک تبصرہ کیا تھا۔ دراصل حال ہی میں امت شاہ نے ’سنسد ٹی وی‘ کو ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کوئی تاناشاہ نہیں ہیں، بلکہ اُن جیسا جمہوریت پسند رہنما ملک میں آج تک نہیں ہوا۔ اسی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مارٹینا نے لکھا تھا ’’اور یہ ہے میرا اگلا چٹکلا۔‘‘

مارٹینا کے ذریعہ امت شاہ کے بیان کو ری ٹوئٹ اور اس پر تبصرہ کرنے کے ساتھ ہی مودی حامی مشتعل ہو گئے۔ بڑی تعداد میں مودی حامیوں نے مارٹینا نوراتلووا کی مخالفت میں آواز بلند کرنی شروع کردی۔ ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ ’’اب میں ایسا کوئی بھی میچ نہیں دیکھوں گا جس میں وہ ہوں گی۔ گرینڈ سلیم سے جڑے سبھی پاس کینسل کر رہا ہوں۔ ڈبلو ٹی اے ٹور کو ایک بہت بڑا جھٹکا ہے۔‘‘

2006ء میں ریٹائر ہو چکی مارٹینا نے اپنے خلاف ہوئے اس تبصرہ پر بھی ’اسمائیلی‘ کے ذریعہ رد عمل ظاہر کیا ہے۔ حالانکہ کچھ لوگوں مارٹینا کے تبصرے کی تعریف کی ہے۔ ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے ’’جب آپ ٹینس کورٹ پر تھیں تب آپ کے تئیں جو عزت تھی وہ اب اور بڑھ گئی ہے۔‘‘ ایک دیگر ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ ’’اب آئی ٹی سیل کے ذریعہ بائیکاٹ مارٹینا ٹرینڈ شروع ہوگا۔‘‘