اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع میں ایک حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک شخص منادی کرتا دیکھا گیا ہے جس میں دلتوں کو 5000 روپے جرمانہ اور 50 جوتے مارنے کی سزا دینے کی بات کہی گئی ہے۔ یہ سزا تب دی جائے گی جب کوئی دلت شخص بدنام زمانہ جرائم پیشہ رہے وکی تیاگی کے والد راجبیر سنگھ کے کھیت اور ٹیوب ویل پر جائے گا۔ راجبیر سنگھ نے اس تعلق سے گاؤں میں باقاعدہ منادی کروائی ہے۔ اس منادی سے مقامی دلت باشندوں میں خوف کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔
اس تعلق سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں ایک شخص ڈھول بجاتے ہوئے کہتا نظر آ رہا ہے کہ ’’راجبیر پردھان کی طرف سے منادی کرائی جا رہی ہے۔ کوئی بھی دلت سماج کا شخص اس کے کھیت پر، سمادھی استھل پر، ٹیوب ویل پر نظر آ گیا تو اس پر 5000 روپے جرمانہ اور 50 جوتے مارنے کی سزا دی جائے گی۔‘‘ 53 سیکنڈ کی یہ ویڈیو پاوٹی خرد گاؤں کی بتائی جا رہی ہے۔
دلت سماج کے لوگوں کو دی گئی اس دھمکی کے بعد مقامی پولس ایکشن میں آ گئی ہے۔ ایس ایس پی مظفر نگر ابھشیک یادو نے ویڈیو دیکھتے ہی جانچ کا حکم دے دیا۔ اس معاملے میں مقدمہ درج کر پردھان راجبیر سنگھ اور اس کے ایک دیگر ساتھی کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ ابھشیک یادو کے مطابق ملزم راجبیر سنگھ پر مستقبل میں غنڈہ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔