ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی-20 سیریز 2-2 سے برابر ہونے کے بعد اب ہندوستان کو ٹی-20 عالمی کپ سے پہلے انگلینڈ کے ساتھ تین اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 ٹی-20 مقابلے کھیلنے ہیں۔ یعنی ہندوستان کو تجربات کرنے کا زیادہ موقع نہیں ہے۔ اسی کے پیش نظر ہندوستان کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے اپنی پسندیدہ ٹیم کا انتخاب کر لیا ہے۔ لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس ٹیم میں تجربہ کار تیز گیندباز محمد سمیع اور جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے ٹی-20 مقابلے میں 4 وکٹ لینے والے اویس خان کو جگہ نہیں ملی ہے۔ اپنی تیز رفتار گیندوں سے آئی پی ایل میں دھوم مچانے والے عمران ملک بھی ان کی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

عرفان نے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے جو ٹیم چنی ہے، وہ اس طرح ہے: کے ایل راہل، روہت شرما (کپتان)، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، ہاردک پانڈیا، دنیش کارتک، رویندر جڈیجہ، ہرشل پٹیل، بھونیشور کمار، یجویندر چہل اور جسپریت بمراہ۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس ٹیم میں رشبھ پنت اور ایشان کشن کو بھی جگہ نہیں ملی ہے۔

عرفان کے مطابق راہل-روہت سے اوپننگ کرائی جائے اور وراٹ کوہلی تیسرے نمبر کے لیے بہترین بلے باز ہیں۔ چوتھے نمبر پر سوریہ کمار یادو اور پانچویں نمبر پر ہاردک پانڈیا بلے بازی کریں۔ دنیش کارتک کو بطور وکٹ کیپر کھلایا جانا چاہیے جو بہترین فنشر کی شکل میں نمبر سات پر بلے بازی کریں گے۔ جڈیجہ کو آٹھویں نمبر پر اتارنے کا مشورہ عرفان نے دیا ہے۔