مغربی بنگل کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اِن دنوں پورے فارم میں نظر آ رہی ہیں۔ سرکردہ لیڈروں سے لگاتار ملاقات ہو رہی ہیں اور مغربی بنگال ہی نہیں، دیگر ریاستوں میں بھی بی جے پی و کانگریس سمیت مختلف پارٹیوں کے اہم لیڈران ترنمول کا دامن تھام رہے ہیں۔ 24 نومبر کو بی جے پی رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے بھی ممتا سے ملاقات کی۔ اس کے بعد سیاسی گلیاروں میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ وہ بھی ترنمول میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ایسا کچھ ہوگا یا نہیں، یہ تو بعد میں پتہ چلے گا، لیکن مرکزی حکومت کے تئیں سبرامنیم سوامی کے تیور سخت ضرور ہو گئے ہیں۔ انھوں نے 25 نومبر کو کیے گئے ایک ٹوئٹ میں حکومت کو ہر محاذ پر فیل قرار دیا ہے۔
ممتا بنرجی نے ملاقات کے دوران بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو کیا سبق پڑھایا، کن موضوعات پر بات ہوئی، اس سلسلے میں ابھی کچھ بھی صاف نہیں ہے۔ اتنا ضرور ہے کہ بدھ کو ممتا سے ملاقات کے بعد ٹوئٹ میں انھوں نے دیدی کی خوب تعریف کی۔ اور آج تازہ ٹوئٹ میں مرکزی حکومت کو چاروں خانے چِت کرنے کی کوشش کی۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ مودی حکومت معیشت، سرحد حفاظت، خارجہ پالیسی، ملکی تحفظ اور داخلی تحفظ جیسے ایشوز پر فیل رہی ہے۔ سبرامنیم نے افغانستان بحران سے نمٹنے کے لیے مرکزی حکومت کے رخ کو بھی ’ناکامی‘ ٹھہرایا۔ ساتھ ہی پیگاسس ڈاٹا سیکورٹی خلاف ورزی کے لیے مرکز کو بھی قصوروار بتایا۔