فلم ’83‘ نے 1983 میں ہندوستان کے پہلے عالمی کپ فتح کی کئی یادوں کو تازہ کر دیا ہے۔ فلم کی ریلیز کی الٹی گنتی جب سے شروع ہوئی ہے، فاتح ٹیم میں شامل کھلاڑی کئی ایسی دلچسپ باتوں کا انکشاف کر رہے ہیں، جس کا علم بہت کم لوگوں کو تھا۔ اب سابق وکٹ کیپر سید کرمانی نے زمبابوے کے خلاف نازک حالات میں کپل دیو کو کہے گئے اپنے الفاظ  کا تذکرہ کیا ہے۔

سید کرمانی نے کپل سے میدان پر کیا کہا، اس سلسلے میں ’انڈین ایکسپریس‘ نے اپنی رپورٹ میں ان کے (کرمانی) حوالے سے لکھا ہے ’’میں کپل کے پاس گیا جو وہاں سر جھکائے کھڑا تھا۔ یہ 60 اوورس کا میچ تھا۔ ہمیں ابھی 35 اوورس مزید کھیلنے تھے۔ میں نے کپل سے کہا ’’کیپس (کپِل) سنو، ہم کرو یا مرو والی حالت میں ہیں۔‘‘ میں نے ان کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کی اور کہا ’’آپ ہندوستانی ٹیم کے بیسٹ ہٹر ہیں، میں ایک ایک رن لوں گا اور تمہیں اسٹرائک دوں گا۔ تم ہر گیند کو مارنے کی کوشش کرو۔‘‘ کپل نے مجھ سے کہا ’’کِری بھائی ہم کو مزید 35 اوورس کھیلنے ہیں، میں اپنا بیسٹ پرفارمنس دوں گا۔‘‘

اس کے بعد کپل دیو نے جو اننگ کھیلی اس کی مثال آج بھی دی جاتی ہے۔ کپل نے 16 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے صرف 138 گیندوں میں 175 رن بنائے اور کرمانی کے ساتھ 9ویں وکٹ کے لیے ناٹ آؤٹ 126 رن جوڑے جو بہت اہم ثابت ہوئے۔