کیا آپ یقین کر سکتے ہیں کہ کوئی جاندار 24000 سال سے برف میں دفن ہو اور پھر اسے زندہ کیا جائے۔ ایسا معاملہ گزشتہ سال ہوئی ایک تحقیق کے دوران پیش آیا تھا جس نے سائنسدانوں کو حیران کر دیا۔ اس تحقیق کا مقصد تھا قدیم جاندار کو پھر سے زندہ کر کے اس کی جسمانی سرگرمیوں کا پتہ کرنا۔ اس کے تحت سائنسدانوں نے 24 ہزار سال سے سائبیریا کے پرمافراسٹ میں دبے ایک مائیکروب کو زندہ کیا۔ برف میں دبے اس مائیکروب کو ’ڈیلائیڈ روٹیفرس‘ کہتے ہیں۔
تحقیق کے بعد سائنسدانوں نے بتایا کہ جس ڈیلائیڈ روٹیفرس کو انھوں نے زندہ کیا وہ کسی بھی مشکل حالات میں خود کو محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مثلاً خشکی، شدید سردی، بھوک، یہاں تک کہ کم آکسیجن میں بھی وہ زندہ رہ سکتا ہے۔ لیکن جسمانی طور پر وہ کوئی سرگرمی نہیں کرتا، بس ایک جگہ پر زندہ پڑا رہتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح جیسے کہ کوئی انسان کوما میں پڑا ہو۔ لیکن اسے پھر سے متحرک کرنا، یعنی زندہ کرنا مشکل ہے۔
ڈیلائیڈ روٹیفرس کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوششوں پر مبنی رپورٹ ’کرنٹ بایولوجی‘ میں شائع کی گئی تھی۔ اس میں بتایا گیا کہ پرمافراسٹ سے 11.5 فیٹ برف کے اندر سے سیمپل لیا گیا۔ سیمپل کو دھیرے دھیرے گرم کیا گیا، پھر مائیکروب کو زندہ کرنے کے لیے ماحول بنایا گیا۔ اس تجربہ کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ مائیکروب ہزاروں سال زندہ رہ سکتے ہیں، یا پھر خود کو ایسے حالات میں ڈھال دیتے ہیں کہ واپس زندہ ہو سکیں۔