مشہور و معروف شاعر منور رانا کا شمار اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے بڑے ناقدین میں ہوتا ہے۔ اسمبلی انتخاب 2022 سے پہلے انھوں نے وزیر اعلیٰ یوگی اور بی جے پی کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔ منور رانا نے اپنے ایک بیان میں دوبارہ یوگی حکومت تشکیل پانے پر شہر چھوڑنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اب انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ایسی تصویر شیئر کی ہے جو لوگوں کو حیران کرنے والی ہے۔ 5 مئی کو منور رانا نے یہ تصویر شیئر کی جس میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اپنی ماں سے ملاقات کر رہے ہیں۔

اس تصویر کے ساتھ منور رانا نے اپنا ایک شعر لکھا ہے جس کا نہ تو سیاست سے کوئی تعلق ہے، اور نہ ہی یوگی حکومت یا بی جے پی کے خلاف ان کی ناراضگی سے۔ بلکہ اس شعر میں انھوں نے ایک بیٹے اور ماں کے درمیان اپنائیت کی طرف اشارہ کیا ہے۔ وہ شعر ہے:

میری خواہش ہے کہ میں پھر سے فرشتہ ہو جاؤں
ماں سے اس طرح لپٹ جاؤں کے بچہ ہو جاؤں

ماں سے متعلق لاتعداد اشعار کہنے والے منور رانا کے ذریعہ کیا گیا یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر خوب شیئر ہو رہا ہے۔ لوگ اس پر طرح طرح کے تبصرے بھی کر رہے ہیں۔ ایک نے لکھا ہے ’’اس پیار کو کیا نام دوں‘‘۔ ایک دیگر سوشل میڈیا صارف نے تبصرہ کیا ہے کہ ’’آپ تو اتر پردیش چھوڑنے والے تھے رانا صاحب، پھر کیا ہوا۔‘‘