نکہت زریں نے خاتون باکسنگ میں عالمی چمپئن بن کر ہندوستان کو فخر کا موقع فراہم کیا ہے اور اب انھیں لگاتار مبارکبادیاں مل رہی ہیں۔ اس درمیان مختلف میڈیا آؤٹ لیٹس ان سے انٹرویو لے رہے ہیں تاکہ ان کی جدوجہد سے لوگوں کو روشناس کرایا جا سکے۔ ایک انٹرویو کے دوران نکہت نے کہا کہ ان کے کچھ رشتہ داروں کو ضرور باکسنگ کے دوران ان کے چھوٹے لباس سے مسئلہ تھا، لیکن ماں کو صرف اس بات سے پریشانی تھی کہ اس کھیل میں مار پڑتی ہے۔

’دینک بھاسکر‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران نکہت زریں نے اپنی ماں کے اس خوف کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ماں کو اس بات کا ڈر تھا کہ کہیں مجھے چوٹ لگی تو مجھ سے شادی کون کرے گا۔ پھر میں نے ممی کو سمجھایا تھا کہ ایک بار میرا نام ہو جائے گا تو دولہوں کی لائن لگ جائے گی۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی بتایا کہ ان کے والد نے ہر موقع پر ساتھ دیا اور اسی وجہ سے وہ اپنے کھیل کو آگے بڑھا سکیں۔

جب نکہت زریں سے یہ سوال کیا گیا کہ وہ ایسے ملک میں رہتی ہیں جہاں کرکٹ کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے، تو کیا اس سے جلن ہوتی ہے؟ اس پر نکہت نے جواب دیا ’’مجھے بھی کرکٹ سے محبت ہے۔ میرے پسندیدہ کرکٹرس مہندر سنگھ دھونی اور سچن تندولکر ہیں۔ مجھے کرکٹ سے جلن نہیں ہوتی۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتی ہیں ’’مجھے لوگوں سے یہ شکایت ضرور ہے کہ وہ ہمیں کرکٹرس جیسا پیار نہیں دیتے۔‘‘