اتر پردیش کے امروہہ میں ایک عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے جہاں شادی میں شرکت کرنے والوں کو کھانے کے لیے پلیٹ تبھی دی گئی جب انھوں نے اپنا آدھار کارڈ دکھایا۔ اپنی طرح کا پہلا یہ معاملہ اس لیے بھی موضوعِ بحث بن گیا ہے کیونکہ پہلے سے آدھار کارڈ کو لازمی نہیں بنایا گیا تھا۔ جب میزبانوں نے بھیڑ بہت زیادہ دیکھی تو آدھار کارڈ کی شرط لگا دی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ایک ہنگامہ سا مچ گیا اور کئی لوگ مایوس و ناراض ہو کر بھوکے پیٹ وہاں سے لوٹ گئے۔
تقریب کی ایک چھوٹی سی ویڈیو وَرشا سنگھ نام کے ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا ہے ’’امروہہ میں ایک شادی میں امید سے زیادہ باراتی پہنچ گئے، جس کے بعد لڑکی والوں کی طرف سے لوگوں کے آدھار کارڈ دیکھ کر انھیں کھانے کے لیے انٹری دی گئی۔ کئی باراتی آدھار کارڈ نہ ہونے کے سبب بغیر کھانا کھائے ہی لوٹ گئے۔‘‘ کسی باراتی کا بغیر کھانا کھائے لوٹنا کوئی معمولی بات نہیں ہے، لیکن طے شدہ تعداد سے زیادہ باراتی کا پہنچنا بھی لڑکی والوں کے لیے پریشانی کا باعث بن جاتا ہے۔
بہرحال، بتایا جاتا ہے کہ امروہہ ضلع کے قصبہ حسن پور میں ایک ساتھ دو بہنوں کی شادی ہو رہی تھی جہاں اندازہ سے کہیں زیادہ تعداد میں مہمان پہنچ گئے۔ خبر یہ بھی ہے کہ آدھار کارڈ سے پلیٹ ملنے کی خبر جب کچھ مقامی لوگوں کو ملی تو انھوں نے اس موقع کا خوب فائدہ اٹھایا۔