آئندہ 27 اگست سے ایشیا کپ شروع ہونے والا ہے اور سبھی کو انتظار ہے 28 اگست (اتوار) کا۔ ایسا اس لیے کیونکہ اتوار کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ یہ ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پوسٹ کیا ہے جس میں کرکٹرس کی سرگرمی کو دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفر کے دوران خالی وقت میں جب پاکستانی کرکٹرس موبائل پر ’ٹک ٹاک‘یا دوسری ویڈیوز دیکھنے میں مصروف ہیں، تو محمد رضوان قرآن کی تلاوت کر رہے ہیں۔ لوگوں کو محمد رضوان کا یہ عمل بہت پسند آ رہا ہے۔

ویڈیو میں محمد رضوان بس میں بیٹھ کر قرآن پڑھتے دکھائی دے رہے ہیں اور کئی دوسرے ساتھی موبائل پر مصروف ہیں۔ ویڈیو کے اس حصے کا اسکرین شاٹ کئی لوگوں نے شیئر کرنا شروع کر دیا ہے اور رضوان کی تعریف کر رہے ہیں۔ ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے ’’اس ویڈیو میں ہر کوئی نوٹس کر رہا ہے کہ رضوان قرآن پڑھ رہے ہیں، حارث ٹک ٹاک پر شاہین کی ویڈیو دیکھ رہے ہیں، اور پاکستانی ٹیم کو حفیظ کے بعد ایک نیا پروفیسر مل گیا ہے… وہ ہے پروفیسر شاداب۔‘‘ غور طلب ہے کہ محمد رضوان اس وقت پاکستانی ٹیم کے اہم بلے باز بن چکے ہیں۔ انھوں نے 56 ٹی-20 میچوں میں پاکستان کے لیے 50 سے زائد اوسط کے ساتھ 1662 رن بنائے ہیں۔ ٹیم کو ایشیا کپ میں ان سے بہت امیدیں ہیں۔