اپنی ہری آنکھوں کے لیے پوری دنیا میں مشہور 40 سالہ شربت گُلا کو اٹلی میں پناہ مل گئی ہے۔ اٹلی کے اس قدم سے شربت نے راحت کی سانس لی۔ 1985 میں ’نیشنل جیوگرافک‘ کے کور پیج پر شائع ہونے کے بعد اپنی خوبصورت آنکھوں کے لیے پوری دنیا میں مشہور ہونے والی شربت گُلا جب 12 سال کی تھیں تو طالبان جنگجوؤں سے بچنے کے لیے چھپ چھپا کر افغانستان سے باہر نکل گئیں تھیں۔ ’نیشنل جیوگرافک‘ میں شائع ہونے کے بعد وہ افغان جنگ کا چہرہ بن گئی تھیں۔ 2016ء میں شربت کو پاکستان میں فرضی دستاویزات کی بنیاد پر رہنے کے الزام میں گرفتار کر کے دوبارہ افغانستان بھیج دیا گیا تھا۔ ان پر 110000 روپے کا جرمانہ بھی لگا تھا۔
بہر حال، شربت گُلا نے جب افغانی جنگجوؤں سے بچنے کے لیے اٹلی سے پناہ دینے کی اپیل کی تو اٹلی حکومت نے منصوبہ بندی کے ساتھ انہیں افغانستان سے باہر نکال لیا۔ خبروں کے مطابق اٹلی میں شربت کو تمام سہولتیں اور ضروری چیزیں مہیا کی جائیں گی۔ شربت کو اٹلی کے طور طریقے بھی بتائے جائیں گے۔
واضح ہو کہ چمکدار ہری آنکھوں والی شربت گُلا کی تصویر فوٹوگرافر اسٹیو میکری نے 1984ء میں کھینچی تھی جو’نیشنل جیوگرافک‘ کے کور پیج پر 1985 میں شائع ہوئی۔ تصویر شائع ہونے کے بعد شربت کو پوری دنیا میں مقبولیت حاصل ہوگئی تھی۔ موجودہ وقت کی بات کریں تو 40 سالہ شربت گُلا کے 4 بچے ہیں اور ان کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے۔