اتر پردیش کی یوگی حکومت اب تک کئی ریلوے اسٹیشنوں اور شہروں کا مسلم نام بدل چکی ہے۔ الٰہ آباد کا نام بھی بدل کر پریاگ راج کیا جا چکا ہے۔ لیکن کیا آپ یقین کریں گے کہ مشہور شاعر اکبر الٰہ آبادی کا نام بدل کر ’اکبر پریاگ راجی‘ کر دیا گیا ہے۔ اتنا ہی نہیں تیغ الٰہ آبادی اور راشد الٰہ آبادی کا نام بھی بدل دیا گیا۔ یہ سب یوپی اعلیٰ تعلیم سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر دیکھنے کو ملا۔ حالانکہ کمیشن کا دعویٰ ہے کہ ادارہ کی طرف سے ایسا کچھ نہیں کیا گیا، یہ ویب سائٹ ہیکنگ کا معاملہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوپی اعلیٰ تعلیم سروس کمیشن کے سربراہ پروفیسر ایشور شرن وشوکرما نے پی ٹی آئی-رائٹرس کو بتایا کہ ’’کمیشن کی ویب سائٹ ہیک کر لی گئی اور ادیبوں کے ناموں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ حالانکہ ویب سائٹ کو پھر سے بحال کر لیا گیا اور سائبر کرائم برانچ کے پاس رپورٹ درج کرائی جا رہی ہے۔‘‘ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ادیبوں کے ناموں میں تبدیلی کمیشن کی طرف سے نہیں کی گئی۔

اب لوگوں کے ذہن میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ آخر وہ کون لوگ ہیں جنھوں نے اس طرح کا کھلواڑ کیا۔ پہلے تو اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ حکومتی سطح پر ہی یہ تبدیلی کی گئی ہے۔ لیکن پروفیسر ایشور کی وضاحت کے بعد ایسا لگتا ہے کہ کسی نے مسلم دشمنی میں ایسی حرکت کی۔