اتر پردیش سے ایک بار پھر کئی مسلم افراد کے ہندو مذہب اختیار کرنے کی خبر سامنے آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شائستہ، رشیدہ، برکھا، اکبر، اقرا، گلو، احسان اور ہارون 26 اپریل تک مسلمان تھے، لیکن سوامی یشویر مہاراج کی کوششوں سے منگل کو انھوں نے ہندو مذہب اختیار کر لیا۔ اب ان کے نئے نام بالترتیب رادھا، گیتا، ورشا، کرش، شیتل، رتک، سچن اور ارون رکھے گئے ہیں۔

یہ معاملہ اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کا ہے۔ ضلع کے بگھرا علاقہ واقع سوامی یشویر آشرم پریشد کے مہنت سوامی یشویر جی مہاراج اور سوامی مرگیندر مہاراج جی نے پورے رسوم کے ساتھ دو مسلم خاندانوں کے مذکورہ 8 افراد کا شدھی کرن کرتے ہوئے ہندو مذہب میں شامل کیا۔ سوامی یشویر مہاراج کا کہنا ہے کہ کسی دباؤ یا لالچ کے سبب غریب ہندو خاندان لگاتار مسلم مذہب اختیار کر رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ جن 8 لوگوں کی گھر واپسی ہوئی ہے، ان کے والدین بھی پہلے ہندو ہی تھے۔

دراصل سوامی یشویر مہاراج لگاتار ایسے کنبوں سے رابطہ کر رہے ہیں جن کے آبا و اجداد نے کسی وجہ سے ہندو مذہب کو ترک کر دیا تھا۔ وہ ایسے لوگوں کی گھر واپسی کی مہم چلا رہے ہیں اور اب تک وہ سینکڑوں لوگوں کی گھر واپسی کرا چکے ہیں۔ یشویر مہاراج کا کہنا ہے کہ وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ ہندو مذہب چھوڑنے والے لوگ دوبارہ اپنے پرانے مذہب میں واپس آ جائیں۔ اس مہم میں کئی لوگ ان کی مدد کر رہے ہیں۔