کیا آپ کو ’چوکیدار چور ہے‘ نعرہ یاد ہے؟ ہندوستان میں گزشتہ لوک سبھا انتخاب کے دوران یہ نعرہ اس وقت خوب مشہور ہوا تھا جب کانگریس نے اس کے ذریعہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اقتدار سے باہر کرنے کی پرزور کوشش کی تھی۔ اب یہ نعرہ پاکستان میں گونج رہا ہے۔ عمران خان کی حکومت چلی گئی ہے اور آج دوپہر بعد پاکستان کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب بھی عمل میں آنے کا امکان ہے۔ اس دوران عمران خان کی حمایت میں بے شمار لوگ سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔ ایک ریلی میں عوام ’چوکیدار چور ہے‘ کا نعرہ زور و شور سے بلند کرتے نظر آئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ عمران حامی افراد یہ نعرہ پاکستانی فوج کے خلاف لگا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سے لاہور تک عمران خان کے لاکھوں حامی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو پھر سے وزیر اعظم بنایا جائے۔ اتوار کو جب راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارٹی کے شیخ رشید ایک ریلی کو خطاب کر رہے تھے تو وہاں موجود لوگ ’چوکیدار چور ہے‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے دکھائی دیے۔ حالانکہ اپنے خطاب کے دوران شیخ رشید نے عوام سے ایسے نعرے نہ لگانے کی اپیل کی۔
غور طلب ہے کہ پاکستان میں عوام کا ایک بڑا طبقہ ایسا ہے جو عمران خان کو ہی وزیر اعظم کی شکل میں دیکھنا چاہتا ہے۔ فی الحال پاکستان کے الگ الگ شہروں میں عمران کی حمایت میں پی ٹی آئی کا مظاہرہ جاری ہے۔