متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں خواتین کی ایک بڑی تعداد سرویکل کینسر (بچہ دانی کا کینسر) میں مبتلا پائی گئی ہے۔ اس مرض میں خواتین دراصل ہیومن پیپلوما وائرس (ایچ پی وی) کی وجہ سے مبتلا ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین کو شادی سے پہلے ایچ پی وی کا ٹیکہ لینے اور ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ اس سے ان میں سرویکل کینسر کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق سرویکل کینسر دنیا بھر میں خواتین میں ہونے والا چوتھا سب سے عام کینسر ہے۔ 2020 میں سرویکل کینسر کے 604000 نئے معاملے سامنے آئے تھے اور 3 لاکھ 42 ہزار خواتین کی موت اس مرض سے ہوئی۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ایچ پی وی عموماً جسمانی رشتہ قائم کرنے سے پھیلتا ہے۔ اس وائرس سے بار بار متاثر ہونے سے سرویکل کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ابوظبی ہیلتھ سروسز کمپنی ’سیہا‘ (SEHA) کا کہنا ہے کہ سرویکل کینسر کو بیداری پھیلا کر روکا بھی جا سکتا ہے اور اس کا علاج بھی ممکن ہے۔ اسے روکنے کا سب سے اہم طریقہ ٹیکہ کاری ہے۔ سیہا نے 13 سے 26 سال کی سبھی خواتین سے ایچ پی وی ویکسین لینے کی گزارش کی ہے۔ مدینۃ الخلیفہ ہیلتھ کیئر سنٹر کے ماہر امراض نسواں ڈاکٹر شاہد فیصل کا کہنا ہے کہ سرویکل کینسر میں اگر جلد علاج ہو جائے تو خاتون پوری طرح ٹھیک ہو سکتی ہے۔