ہندوستانی ریاست کیرالہ کی باشندہ نیہا فاطمہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر اعظم اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کو اپنا رول ماڈل مانتی ہیں۔ آج کل وہ یو اے ای میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔ اس کی وجہ ہے نیہا فاطمہ کے ذریعہ بنایا گیا ایک پورٹریٹ۔ یہ پورٹریٹ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہی ہے جسے بنانے میں نیہا کو تقریباً چار مہینے کا وقت لگا۔ وہ بتاتی ہیں کہ روزانہ تقریباً 20 گھنٹے کام کیا تب جا کر یہ پورٹریٹ تیار ہوا۔

اس پورٹریٹ کو بنا کر نیہا فاطمہ نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ پورٹریٹ بنانے میں 400 سے زائد چارٹ پیپر کا استعمال کیا گیا اور اس پر دو لاکھ سے زیادہ مرتبہ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کا نام لکھا گیا ہے۔ نیہا کہتی ہیں کہ کچھ دن ایسے بھی تھے جب ہاتھوں سے خون نکل آیا، لیکن بینڈیج لگا کر کام کرتی رہی۔ نیہا شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے ان الفاظ سے بہت متاثر تھیں جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ‘کچھ بھی ناممکن نہیں ہے’۔

شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے متعلق نیہا فاطمہ کے احترام کا جذبہ اس بات سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے یوم پیدائش یعنی 15 جولائی کو وہ دبئی پہنچ گئیں تاکہ بذات خود پورٹریٹ تحفہ میں دے سکیں۔ نیہا کہتی ہیں کہ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی کو ہر پہلو سے دنیا میں اعلیٰ مقام پر پہنچا دیا ہے۔