لکھنؤ سپر جائنٹس نے اویس خان کو 10 کروڑ روپے کی بڑی رقم میں خرید کر سبھی کو حیران کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی اویس آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے مہنگے ’اَن کیپڈ‘ کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اب خبر سامنے آ رہی ہے کہ دہلی ٹیم کے کپتان رشبھ پنت نے اویس کو گلے لگا کر انہیں اپنی ٹیم میں نہ لے پانے کے لیے معافی مانگی ہے۔

’اسپورٹس کیڑا‘ سے بات کرتے ہوئے اویس خان نے بتایا کہ جب نیلامی ہو رہی تھی تو وہ فلائٹ میں تھے اس وجہ سے وہ نیلامی لائیو نہیں دیکھ پائے۔ اویس نے بتایا کہ وہ تھوڑا نروس تھے کہ پتہ نہیں کون سی ٹیم انہیں خریدے گی۔ فلائٹ کی لینڈنگ کے بعد جب انہیں پتہ چلا کہ ان کو 10 کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے تو وہ کچھ سمجھ نہیں پائے کیونکہ انہیں اتنی بڑی رقم ملنے کی امید نہیں تھی۔

اویس نے بتایا کہ جیسے ہی فلائٹ کولکاتا میں لینڈ ہوئی، میں رشبھ پنت سے ملا تو انہوں نے کھلی بانہوں سے میرا استقبال کیا۔ انہوں نے مجھے گلے لگاتے ہوئے کہا ’’ساری لے نہیں پائے۔‘‘ اویس نے کہا کہ دہلی نے مجھے خریدنے کی بھرپور کوشش کی اور آخری بولی 8.75 کروڑ روپے تک کی لگا دی تھی لیکن ان کے پاس زیادہ پیسے نہیں بچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رشبھ کے ساتھ یہ میرے لیے جذباتی لمحہ تھا کیونکہ ہم انڈر-19 کرکٹ ساتھ کھیلے ہیں، میچ کے بعد ہم ساتھ بیٹھتے اور گھومتے تھے۔