سلمان خان کا نام بالی ووڈ کے سب سے زیادہ فیس لینے والے اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ لیکن ضرورت پڑنے پر وہ ایڈجسٹ کرنا بھی جانتے ہیں۔ اسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے ساجد ناڈیاڈوالا کی خصوصی درخواست پر اپنی اگلی فلم ’کبھی عید، کبھی دیوالی‘ کی فیس میں 15 فیصد کی کمی کر دی ہے۔

’بالی ووڈ ہنگامہ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق جب فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا نے شوٹنگ کی تاریخ طے کرنے کے لیے سلمان خان سے ملاقات کی، تو انہوں نے ان سے فیس کم کرنے کی گزارش کی۔ انھوں نے سلمان کو بتایا کہ کووڈ کی وجہ سے مارکیٹ کا حال کافی بُرا چل رہا ہے۔ سلمان نے ساجد کی درخواست قبول کرتے ہوئے اپنی 150 کروڑ روپے کی فیس میں 15 فیصد کمی کر دی۔ سلمان اب 125 کروڑ روپے لیں گے اور انہیں فلم سے ہونے والے منافع کا کچھ حصہ بھی ملنے والا ہے۔ سلمان خان کا بینر ایس کے ایف بھی اس فلم میں شامل رہے گا۔

واضح ہو کہ سلمان نے فلم ’کبھی عید، کبھی دیوالی‘ کورونا وبا سے قبل ہی سائن کی تھی۔ اس وقت بالی ووڈ انڈسٹری کافی منافع میں چل رہی تھی۔ پروڈیوسر کے پاس اداکاروں کو بھاری فیس ادا کرنے کے لیے رقم کی کوئی کمی نہیں تھی۔ لیکن کووڈ کی وجہ سے لگے لاک ڈاؤن نے انڈسٹری کو بُری طرح خسارے میں ڈال دیا۔ کروڑوں روپے کے نقصان نے پروڈیوسرز کو اپنے بجٹ میں کنٹرول کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔