جادوئی آواز کی ملکہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات 6 فروری کی شام سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا ہو گئیں۔ ان کا آخری دیدار کرنے بڑی تعداد میں فلمی، سیاسی و سماجی ہستیاں پہنچیں۔ اس درمیان شاہ رخ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ لتا منگیشکر کے جسد خاکی کے پاس کھڑے ہو کر دعاء مانگتے ہیں اور انھیں پھونکتے ہیں۔ کچھ لوگوں نے ویڈیو شیئر کر شاہ رخ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ لتا منگیشکر پر تھوک رہے ہیں۔ شاہ رُخ کو برا بھلا کہا جا رہا ہے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز باتیں بھی لکھی جا رہی ہیں۔ لیکن ان ٹرولرس کے خلاف اب زوردار آوازیں بھی اٹھنے لگی ہیں۔
شاہ رُخ کے خلاف نازیبا تبصروں پر مشہور صحافی اجیت انجم نے لکھا ہے ’’لتا جی کے لیے فاتحہ پڑھتے اور دعاء کرتے شاہ رُخ کی اس خوبصورت تصویر کے لیے کل جو سوشل میڈیا میں لکھا گیا وہ بہت افسوسناک ہے۔ جب سے ہوش سنبھالا ہے میں نے اتنا برا دور نہیں دیکھا۔ اتنی نفرت بھری جا رہی ہے مودی راج میں۔ مودی ہے تو ممکن ہے۔‘‘
شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے بھی ایک بیان میں کہا کہ شاہ رخ کے نیک عمل پر آواز اٹھانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ اس درمیان شاہ رخ کی دعاء مانگتے اور ان کے بغل میں پوجا ڈڈلانی (شاہ رخ کی منیجر) کی ہاتھ جوڑے تصویر بھی خوب وائرل ہو رہی ہے اور لوگ اسے ہندوستان کی حقیقی تصویر بتا رہے ہیں۔