بالی ووڈ میں اس وقت فلموں کو ’بائیکاٹ‘ کرنے یعنی دیکھنے سے پرہیز کرنے کا ایک عجیب ٹرینڈ چل پڑا ہے۔ چھوٹی چھوٹی بات پر کسی بھی فلم کو بائیکاٹ کرنے کی اپیل سوشل میڈیا پر وائرل ہو جاتی ہے۔ فی الحال عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کا بائیکاٹ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس درمیان بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نے فلم شائقین سے اپنی ہی فلم ’دو بارہ‘ کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔
دراصل تاپسی پنو کی فلم ’دو بارہ‘ آئندہ 19 اگست کو ریلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری انوراگ کشیپ نے کی ہے۔ دونوں ہی اپنی فلم کے پروموشن میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں تاپسی نے سدھارتھ کنن کو ایک انٹرویو دیا جس میں اداکارہ سے پوچھا گیا کہ عامر خان (لال سنگھ چڈھا) اور اکشے کمار (رکشا بندھن) کی فلموں کا سوشل میڈیا پر بائیکاٹ ہو رہا ہے، کیا آپ اپنی فلم کو لے کر فکرمند نہیں ہیں؟ اس پر تاپسی نے جواب دیا ’’فلم ’دو بارہ‘ کا بائیکاٹ ہونا چاہیے۔ میں سبھی سے اپیل کرتی ہوں کہ میری فلم کا بائیکاٹ کریں۔ جب عامر خان اور اکشے کمار کا بائیکاٹ ہو سکتا ہے، تو میں بھی اس لیگ میں شامل ہونا چاہوں گی۔‘‘
ظاہر ہے تاپسی پنو نے اپنے جواب سے ’بائیکاٹ‘ ٹرینڈ کرنے والوں کو زوردار طمانچہ رسید کر دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم ’دو بارہ‘ کے ہدایت کار انوراگ کشیپ نے بھی اپنے بیان میں کہہ دیا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ بائیکاٹ کشیپ ٹرینڈ کرے۔‘‘