ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے 8 نومبر 2021 کو ٹی-20 عالمی کپ 2021 کا سفر ختم ہو گیا۔ نامیبیا کے خلاف ہندوستان نے جو آخری میچ کھیلا، وہ بے معنی اس لحاظ سے رہا کہ ہندوستان سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکا تھا۔ بہرحال، دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نامیبیا کے خلاف کھیلنے اترے ہندوستانی کھلاڑیوں نے اپنے بازو پر سیاہ پٹی باندھی ہوئی تھی۔ کچھ لوگ یہ دیکھ کر سوچ میں پڑ گئے کہ آخر ایسا کیوں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر بھی سیاہ پٹی باندھے کھلاڑیوں کی تصویریں پوسٹ ہوئی ہیں۔ دراصل دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ اور معروف کوچ تارک سنہا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ عمل انجام دیا گیا۔
واضح رہے کہ تارک سنہا کا انتقال ہفتہ کے روز ہوا تھا۔ انھوں نے رشبھ پنت، شکھر دھون اور آشیش نہرا جیسے کئی مشہور کرکٹروں کی صلاحیت نکھاری تھی۔ 71 سالہ تارک سنہا گزشتہ کچھ وقت سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ ان کا علاج چل رہا تھا اور حال ہی میں ان کا ملٹی آرگن فیلیور بھی ہوا تھا۔ تارک سنہا کے انتقال سے کرکٹ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کرکٹ شیدائی بھی افسردہ ہیں۔ وہ دہلی کے مشہور کرکٹ کلب ’سونیٹ کلب‘ سے جڑے ہوئے تھے۔
تارک سنہا نے کئی نسل کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی۔ کچھ مشہور نام اس طرح ہیں: سریندر کھنہ، سندھیر سنگھ، رمن لامبا، منوج پربھاکر، اجے شرما، کے پی بھاسکر، اتل واسن، آشیش نہرا، سنجیو شرما، آکاش چوپڑا، شکھر دھون، انجم چوپڑا اور رشبھ پنت وغیرہ۔