اتر پردیش میں 23 فروری کو چوتھے مرحلہ کی پولنگ ہونے والی ہے۔ ساتھ ہی بڑی-چھوٹی پارٹیاں اگلے مراحل کے لیے انتخابی تشہیر میں بھی مصروف ہیں۔ اس درمیان ایک ایسا نظارہ دیکھنے کو ملا جو سیاست میں شاید ہی کبھی دیکھنے کو ملا ہوگا۔ 22 فروری کو بی جے پی کی ریلی سے لوٹ رہے کچھ لوگوں نے پرینکا گاندھی سے کانگریس کا انتخابی منشور مانگا۔ اس واقعہ کی ویڈیو یوپی کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی ہے۔
آپ کے ذہن میں یہ سوال اٹھ رہا ہوگا کہ آخر بی جے پی سے لوٹ رہے لوگوں نے پرینکا گاندھی سے کانگریس کا انتخابی منشور کیوں مانگا؟ اس کا جواب بھی یوپی کانگریس کے ٹوئٹ میں موجود ہے۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے ’’بی جے پی کی ریلی سے لوٹ رہے لوگوں نے پرینکا گاندھی سے انتخابی منشور اور ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ کا تشہیری سامان مانگا، اور ساتھ میں سیلفی لی۔ ویڈیو سے ظاہر ہے عوام کو ’گرمی‘ اور ’چربی‘ نکالنے والے نہیں، ’بھرتی‘ نکالنے والے چاہیے۔‘‘
دراصل کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی ہردوئی میں انتخابی تشہیر کے لیے جا رہی تھیں جب راستے میں انھیں بی جے پی کی ریلی سے لوٹ رہے لوگوں نے دیکھا۔ پرینکا نے بھی انھیں دیکھ کر اپنی کار رکوائی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ پرینکا کی کار کے پاس کھڑے ہیں اور کانگریس کا انتخابی منشور مانگ رہے ہیں۔ وہ لوگوں کو ’شکتی وِدھان‘، ’بھرتی وِدھان‘ اور دیگر تشہیری سامان دیتی ہیں۔