بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور مشہور بھوجپوری گلوکار و اداکار منوج تیواری نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی تھی۔ اس عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ دیوالی کے پیش نظر دہلی میں پٹاخوں پر لگائی گئی پابندی کے خلاف معاملے پر سماعت جلد ہو۔ 20 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے اس مطالبہ کو خارج کرنے کا حکم صادر کر دیا۔ ساتھ ہی منوج تیواری سے کہا کہ ’’جشن منانے کے اور بھی طریقے ہیں۔ لوگوں کو صاف ہوا میں سانس لینے دیں۔‘‘ اتنا ہی نہیں، بنچ نے منوج تیواری کو یہ بھی مشورہ دیا کہ ’’اپنا پیسہ مٹھائی پر خرچ کریں۔‘‘

دراصل ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں ہوا کا معیار دن بہ دن خراب ہوتا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کچھ سالوں کی طرح اس بار بھی دیوالی کے موقع پر پٹاخہ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر منوج تیواری چاہتے تھے کہ یہ پابندی ہٹا لی جائے تاکہ دیوالی کے جشن میں پٹاخوں کا بھی استعمال ہو سکے۔ حالانکہ بنچ نے اس معاملے میں فوری سماعت سے انکار کر دیا، اور کہا کہ بعد میں سماعت ہوگی۔

غور طلب ہے کہ دہلی حکومت نے راجدھانی میں یکم جنوری 2023 تک سبھی طرح کے پٹاخوں کے ذخیرہ، فروخت اور استعمال پر پوری طرح سے روک لگا دی ہے۔ اس کے خلاف عرضی داخل کر کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف اظہارِ رائے اور روزگار کی آزادی کے خلاف ہے، بلکہ لوگوں کی زندگی کے حق کی بھی خلاف ورزی ہے۔