ہندوستان سمیت پوری دنیا میں معاشی حالات اچھے نہیں ہیں۔ ہندوستان میں بے روزگاری بھی لگاتار بڑھ رہی ہے جو باعث فکر ہے۔ اس درمیان مشہور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی وِپرو، انفوسس اور ٹیک مہندرا نے آفر لیٹر جاری کرنے کے بعد اچانک فریشرز کو تقرری نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ’انڈیا ٹوڈے‘ میں شائع ایک خبر کے مطابق مذکورہ ٹیک کمپنیوں نے فریشرز یعنی ناتجربہ کار امیدواروں کو ملازمت دینے سے مبینہ طور پر انکار کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وِپرو، انفوسس اور ٹیک مہندرا نے کئی امیدواروں کے آن بورڈنگ پروسیس میں مہینوں کی تاخیر کے بعد مبینہ طور پر ان کے آفر لیٹر کو کینسل کر دیا ہے۔ ان کمپنیوں سے آفر لیٹر وصول کرنے والے کئی امیدواروں کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے تقریباً 4-3 ماہ قبل سرکردہ آئی ٹی کمپنیوں میں ملازمت کے لیے ایپلائی کیا تھا۔ انٹرویو کے بعد انھیں آفر لیٹر دیے گئے تھے۔ اس کے بعد امیدوار اپنی آن بورڈنگ پروسیس کا انتظار کر رہے تھے، لیکن کمپنی نے بعد میں آفر لیٹر کو کینسل کر دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ان کمپنیوں کی طرف سے امیدواروں کو ایک خط موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ ہماری تعلیمی اہلیت کے پیمانوں کو پورا نہیں کر رہے ہیں، اس لیے آپ کے آفر لیٹر رد کیے جا رہے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایسا معاشی بحران کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ دراصل معاشی بحران جیسے حالات کے سبب گوگل اور فیس بک سمیت کئی کمپنیوں نے ملازمتوں کو ’فریز‘ کر دیا ہے۔