عالمی شہرت یافتہ موسیقار و گلوکار اے. آر. رحمن گزشتہ دنوں ایک ایوارڈ فنکشن میں شامل ہوئے۔ ان کے ساتھ بیوی سائرہ بانو بھی موجود تھیں اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب دونوں اسٹیج پر تھے۔ اس موقع کی ایک ویڈیو دو دن قبل سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تھی جو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں اے. آر. رحمن اپنی شریک حیات سے ایک گزارش کرتے ہیں، لیکن سائرہ معذرت کرتے ہوئے ان کی بات نہیں مانتیں۔

دراصل ایک تمل ایوارڈ شو میں اے. آر. رحمن کو ایوارڈ دیا گیا تھا۔ ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ سائرہ کے ہاتھوں میں ٹرافی ہے۔ اسی درمیان اینکر نے سائرہ سے درخواست کی کہ وہ اے. آر. رحمن کے بارے میں کچھ کہیں۔ جیسے ہی سائرہ نے بولنے کا ارادہ کیا تو اے. آر. رحمن نے مسکراتے ہوئے کہا ’’ہندی میں مت بولیے، تمل میں بولیے۔‘‘ یہ سن کر سائرہ بھی مسکرائیں، لیکن فوراً کہا کہ ’’معاف کیجیے، میں تمل میں روانی کے ساتھ نہیں بول سکتی۔‘‘ یہ جملہ انھوں نے انگریزی میں کہا اور ساتھ ہی بتایا کہ ’’ان کی آواز میری فیوریٹ ہے۔ مجھے ان کی آواز سے محبت ہے۔ میں بس اتنا ہی کہہ سکتی ہوں۔‘‘

جب سائرہ یہ باتیں کہہ رہی تھیں تو اے. آر. رحمن کے چہرے پر مسکراہٹ تیر رہی تھی۔ سائرہ نے جب اپنی بات مکمل کی تو ایوارڈ فنکشن میں تالیوں کی گونج سنائی دی۔ ناظرین اے. آر. رحمن اور ان کی بیوی سائرہ بانو کو ایک ساتھ دیکھ کر بہت خوش تھے۔