عصمت دری معاملہ میں 20 سال کی سزا کاٹ رہے گرمیت رام رحیم اِن دنوں 40 دنوں کی پیرول پر جیل سے باہر ہیں۔ انھوں نے دیوالی کے موقع پر ایک میوزک ویڈیو ریلیز کیا ہے جسے لوگ پسند کر رہے ہیں۔ لیکن وہ ایک دوسری وجہ سے سرخیوں میں آ گئے ہیں۔ وجہ ہے ہنی پریت کو دیا گیا نیا نام۔ دراصل گرمیت رام رحیم نے اپنی منھ بولی بیٹی ہنی پریت کو نیا نام ’روحانی دیدی‘ دیا ہے۔ یہ نام دیے جانے کے پیچھے کی وجہ بھی انھوں نے بتائی ہے۔
گرمیت رام رحیم نے ایک آن لائن پروگرام میں کہا کہ ’’بیٹی ہنی پریت اب روحانی دیدی کے نام سے جانی جائے گی۔ لوگ کچھ بھی کہیں، لیکن ہنی پریت (روحانی دیدی) میری مذہب کی بیٹی ہے اور ہمیشہ مجھے گرو مانا ہے، والد کی طرح عزت دی ہے۔ لوگ طرح طرح کی باتیں بنا کر ’سنگت‘ کو ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے یہ منصوبے کامیاب ہونے والے نہیں ہیں۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں ’’میں نے اسے (ہنی پریت کو) ایک نام بھی دیا ہے اور میں اسے روح-دی یا روحانی دیدی کہہ کر پکارتا ہوں۔‘‘
بہرحال، اس درمیان گرمیت رام رحیم نے گدی اور گرو بدلنے سے متعلق جاری تذکروں پر بھی اپنی بات لوگوں کے سامنے رکھی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ڈیرے (ڈیرہ سچا سودا) کے گرو ہم تھے، ہم ہیں اور ہم رہیں گے۔ ہنی پریت اور ڈیرے کی گدی کو لے کر جو بھی باتیں چل رہی ہیں، ان پر فل اسٹاپ لگ جائے گا۔‘‘