بنگلہ دیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن بین الاقوامی کرکٹ سے دوری بنانا چاہ رہے ہیں۔ شکیب کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر بہت تھک چکے ہیں اور ایسے میں ان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس وقت اپنے کھیل سے لطف نہیں لے پا رہا ہوں جوکہ فکر کی بات ہے۔ اگر اس کے باوجود میں ٹیم میں رہتا ہوں تو یہ دوسرے کھلاڑیوں کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔

اس سلسلے میں شکیب الحسن نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف نجم الحسن سے بھی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر مجھے بریک ملتا ہے اور میری دلچسپی واپس آتی ہے تو میرے لیے کرکٹ کھیلنا آسان ہوگا۔ افغانستان کے خلاف سیریز کے دوران میں خود کو ایک مسافر محسوس کر رہا تھا اور اس حالت میں بالکل نہیں رہنا چاہتا ہوں۔ موجودہ حالت میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا میرے لیے ممکن نہیں ہے۔‘‘

قوی امکان ہے کہ 34 سالہ شکیب الحسن کرکٹ کے ایک فارمیٹ سے ریٹائر ہو جائیں کیونکہ انہوں نے گزشتہ سال ہی دسمبر میں اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’ٹیسٹ کرکٹ کے بارے میں سوچنے کے لیے اب میرا وقت آ گیا ہے۔ مجھے اب یہ سوچنا ہوگا کہ کیا میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلوں یا نہیں۔‘‘ غور طلب ہے کہ شکیب الحسن دنیا بھر کی ٹی-20 لیگز میں شرکت کرتے رہتے ہیں جس وجہ سے وہ عمر کے اس مرحلہ میں بین الاقوامی کرکٹ کا دباؤ جھیلنے سے قاصر نظر آ رہے ہیں۔