سوشل میڈیا کے اِس دور میں کئی سماجی بدلاؤ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ایسے ہی بدلاؤ میں سے ایک ہے خواتین کا ’اسٹیٹس سنگل‘ کی طرف بڑھتا رجحان۔ اسٹیٹس سنگل یعنی وہ لوگ جن کی شادی نہیں ہوئی ہے، یا طلاق ہو چکا ہے، یا پھر شریک حیات کی موت واقع ہو چکی ہے۔ غیر شادی شدہ لڑکی پر تو عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ گھر والوں اور سماج کے ذریعہ شادی کا دباؤ ڈالا ہی جاتا ہے، بیوہ اور طلاق شدہ خواتین پر بھی دوسری شادی کا دباؤ کم نہیں ہوتا۔ لیکن اب بڑی تعداد میں ایسی خواتین سامنے آ رہی ہیں جو ’سنگل‘ رہنے کا فیصلہ کرتی ہیں اور کہتی ہیں ’میرا وجود ہی میری طاقت ہے، مجھے کسی کا سہارا نہیں چاہیے‘۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسی خواتین کے لیے اب سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس اور فیس بک پیجز بھی بننے لگے ہیں۔ ایک ایسا ہی فیس بک پیج ’اسٹیٹس سنگل‘ نام سے تیار کیا گیا ہے جو پورے ملک کی تنہا یعنی سنگل خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا کام کر رہا ہے۔ اس فیس بک پیج کو بنانے والی شریموئی پیو کنڈو کا کہنا ہے کہ ’’ہمیں کسی خاص پہچان یا نام سے نہیں، انسان کے طور پر پہچانا جائے۔ ہمیں خود کے سنگل ہونے پر فخر محسوس ہونا چاہیے۔‘‘ وہ سنگل اسٹیٹس والی خواتین سے کہتی ہیں ’’ہمیں خود کو بیوہ، طلاق شدہ اور غیر شادی شدہ جیسے تمغے دینے سے بچنا چاہیے۔ اس روایت کو توڑا جانا بہت ضروری ہے۔‘‘