آپ نے شاید ہی کبھی سنا ہوگا کہ کسی بین الاقوامی مقابلے میں ایک ٹیم کے کھلاڑی کی طوفانی بلے بازی سے مخالف ٹیم کا کھلاڑی پریشان ہونے کے بجائے خوش ہو رہا ہو۔ جی ہاں! ایسا ہوا ہے ہندوستان-ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی-20 مقابلے میں جب ونڈیز کے روومن پاویل ہاری ہوئی بازی کو پلٹنے کے لیے چوکوں-چھکوں کی بارش کر رہے تھے۔ اس وقت وکٹ کے پیچھے کھڑے رشبھ پنت کچھ سوچ کر خوش ہو رہے تھے۔

حیران ہونے کی ضرورت نہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ پنت ہندوستان کی شکست چاہتے تھے، بلکہ وہ تو صرف پاویل کی بلے بازی دیکھ کر خوش ہو رہے تھے کیونکہ یہ کھلاڑی اس سال آئی پی ایل میں ان ہی کی ٹیم ’دہلی کیپٹلس‘ کی طرف سے کھیلنے والا ہے۔ ویسے اس میچ کے اصل ہیرو پنت ہی تھے جنہیں ان کی 28 گیندوں میں کھیلی گئی 52 رن کی اننگز کے لیے مین آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔ پنت نے میچ کے بعد پاویل کی خوب تعریف کی اور کہا کہ وہ بلٹ کی طرح مار رہے تھے اور میں من ہی من خوش تھا کہ وہ ہماری ٹیم کی طرف سے کھیلنے والے ہیں۔

غور طلب ہے کہ روومن پاویل نے میچ میں 36 گیندوں میں 4 چوکے اور 5 چھکوں کی بدولت 68 رن بنائے لیکن ان کی ٹیم 8 رنوں سے ہار گئی۔ انہوں  نے ابھی تک 37 بین الاقوامی ٹی-20 مقابلے کھیلے جس میں 132 کے اسٹرائک ریٹ سے 526 رن بنائے ہیں۔