اسٹینڈ اَپ کامیڈین یعنی مزاحیہ اداکار منور فاروقی اور کنال کامرا کے کئی پروگرام گزشتہ دنوں رد ہو چکے ہیں۔ بنگلورو میں بھی انھیں پروگرام کرنے کی اجازت نہیں ملی۔ بی جے پی حکومت کا مذاق اڑانے والے ان اداکاروں کے پروگرام کی ہندوتوا تنظیمیں مخالفت کر رہی ہیں۔ اس درمیان کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے فاروقی اور کنال کو بی جے پی حکمراں مدھیہ پردیش میں پروگرام کرنے کی دعوت دی ہے۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ فاروقی اور کنال دگ وجے کی اس دعوت پر کیا رد عمل دیتے ہیں۔

دگ وجے نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے ’’میں کنال تمھارے اور منور کے لیے بھوپال میں پروگرام منعقد کرتا ہوں۔ ساری ذمہ داری میری ہوگی۔ شرط ایک ہوگی، مذاق کا موضوع صرف دگ وجے سنگھ ہوگا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’اس میں تو سنگھیوں کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ آؤ ڈرو مت۔ اپنی سہولت کے مطابق تاریخ اور وقت دو۔ تمھاری سبھی شرطیں منظور ہیں۔‘‘

اس ٹوئٹ کے ساتھ دگ وجے سنگھ نے کنال کامرا کے ایک انٹرویو کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ اس میں وہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’جس کے پاس پاور آتی ہے اس کو ہنسنا بالکل پسند نہیں۔‘‘ کنال یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’میں منور سے بھی ذاتی طور پر یہ بات کہہ چکا ہوں کہ ہار ماننے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ہوتا رہے گا، جہاں شو کر سکو کرو، جہاں نہیں ہو سکے مت کرو۔‘‘