ہندوستانی نوجوان کرکٹروں کی ٹیم کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ 5 فروری کو وی وی ایس لکشمن کے ہاتھوں میں ’ویری ویری اسپیشل ٹرافی‘ تھمائے۔ دراصل انڈر-19 عالمی کپ کا خطابی مقابلہ 5 فروری کو ہے جہاں ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے ساتھ میدان پر اترنا ہے۔ کرکٹ کیریر میں کئی لاجواب پاریاں کھیلنے والے لکشمن کے ساتھ یہ بدقسمتی رہی ہے کہ وہ کبھی بھی عالمی کپ کے لیے منتخب ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں رہے۔ اس وقت وہ انڈر-19 کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں اور این سی اے سربراہ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
لکشمن کو ہمیشہ یہ کسک رہی کہ بہتر مظاہرہ کے باوجود ان کا نام کبھی بھی عالمی کپ سے نہیں جڑ سکا۔ یہ پہلا موقع ہے جب لکشمن کسی عالمی کپ ایونٹ میں (بطور مینٹر) حصہ لے رہے ہیں۔ نوجوان ہندوستانی ٹیم کی بھی خواہش ہوگی کہ وہ 5 فروری کو انگلینڈ کو شکست دے کر اس ’اسپیشل کھلاڑی‘ کو ’اسپیشل ٹرافی‘ کا تحفہ پیش کریں۔
غور طلب ہے کہ وی وی ایس لکشمن نے اپنے ونڈے کیریئر میں 86 میچ کھیلے، لیکن وہ ہر بار عالمی کپ ٹیم میں شامل ہونے سے محروم رہے۔ 2003 کے عالمی کپ کے دوران لکشمن کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جانا بحث کا موضوع بن گیا تھا۔ یہاں تک کہ لکشمن نے ایک انٹرویو میں بھی اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ عالمی کپ ٹیم میں شامل نہیں کیے جانے سے وہ اتنے مایوس تھے کہ کرکٹ کو الوداع کہنے کے لیے سوچنے لگے تھے۔