ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹ کھلاڑی وراٹ کوہلی کے چاہنے والے کافی دنوں سے ان کی بلے بازی کا لطف نہیں لے پائے ہیں۔ تقریباً تین سال ہو چکے ہیں اور انھوں نے کوئی سنچری نہیں لگائی ہے۔ سنیچر کے روز کھیلے گئے آئی پی ایل مقابلے میں بھی کوہلی نے مایوس کیا اور پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی ٹیم رائل چیلنجرس بنگلور محض 68 رن بنا سکی اور سنرائزرس حیدر آباد نے بہ آسانی جیت حاصل کر لی۔ میچ کے بعد پھر وراٹ کوہلی کی بلے بازی پر سوال اٹھنے لگے۔ ایسے میں ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے انھیں ایک خاص مشورہ دیا ہے۔ دیکھنے والی بات یہ ہے کہ کوہلی اس مشورے پر عمل کرتے ہیں یا نہیں۔

اظہر الدین کا کہنا ہے کہ ’’وراٹ کوہلی نے کافی کرکٹ کھیل لیا ہے۔ اس وقت وراٹ کو چاہیے کہ وہ خود کو تر و تازہ رکھنے کے لیے 3-2 میچوں کا بریک لے لیں۔ اس سے وہ ناکامیوں کے بارے میں نہیں سوچیں گے اور مثبت کرکٹ کھیل پائیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں ’’کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے بین الاقوامی میچوں میں مناسب بریک لیے ہیں۔ لیکن اگر آپ لگاتار آئی پی ایل کھیلیں گے تو اثر پڑے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ ان کا فٹ وَرک دھیما ہو گیا ہے۔ ایک کھلاڑی یا انسان کے طور پر جب میں انھیں کھیلتے دیکھتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ انھیں 3-2 میچوں کا بریک لینا چاہیے اور خود کو تر و تازہ رکھنا چاہیے۔‘‘