ساحلی مقامات پر بکنی یا پھر کم کپڑے پہنے خواتین کو گھومتے پھرتے دیکھنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ سمندر کے کنارے سکون و اطمینان حاصل کرنے کے لیے پہنچنے والے سیاح اکثر شارٹس (کم کپڑے) میں ہی نظر آتے ہیں۔ حالانکہ اسلام میں اس طرح کے کپڑے پہن کر گھومنا ممنوع ہے، اس لیے اسلامی ممالک میں کئی سیاحتی مقامات پر بکنی یا شارٹس پر پابندی عائد ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ غیر اسلامی ملک اٹلی کے شہر پومپی اور نیپلس میں بھی خواتین کے بکنی پہن کر گھومنے پر پابندی لگا دی گئی ہے!

جی ہاں، اٹلی کے ساحلی علاقہ پومپی اور نیپلس کے میئر نے ایک حکم جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق اگر کوئی سڑکوں پر بکنی پہن کر، بغیر شرٹ پہنے یا کم کپڑے پہن کر جسم کی نمائش کرتے ہوئے نظر آیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ نے ایسا کرنے والے سے بطور جرمانہ 425 پاؤنڈ (تقریباً 40 ہزار روپے) وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ قدم مقامی لوگوں کی شکایت کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

دراصل ساحل سمندر کے کنارے مقیم لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں موجود سیاحتی مقامات میں چھٹیاں گزارنے کے لیے پہنچنے والے لوگ کم کپڑے پہن کر قابل اعتراض رویہ اختیار کرتے ہیں۔ اس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دقت ہوتی ہے اور وہ اچھا محسوس نہیں کرتے۔ شکایت کے پیش نظر میئر نے سیاحوں کو متنبہ کرتے ہوئے ’کم کپڑے‘ پہننے پر ہی پابندی لگا دی ہے۔