ایشیا کپ 2023 پر ہندوستان کا قبضہ ہو چکا ہے۔ فائنل میچ میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کی امید کی جا رہی تھی، لیکن ’میاں میجک‘ کے نام سے مشہور محمد سراج نے اپنی گیندوں سے کچھ ایسا جادو دکھایا کہ پوری سری لنکائی ٹیم 50 رنوں پر سمٹ گئی۔ 51 رنوں کا ہدف ہندوستانی سلامی بلے بازوں ایشان کشن اور شبھمن گل نے بڑی آسانی سے 6.1 اوورس میں ہی حاصل کر لیا۔ محمد سراج نے 7 اوورس میں 21 رن دے کر 6 وکٹ حاصل کیے جس کی ہر کوئی تعریف کر رہا ہے۔ لیکن تعریف تو ’میاں میجک‘ کی ایک اور وجہ سے بھی ہو رہی ہے۔

دراصل محمد سراج کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی میچ کے انعام سے سرفراز کیا گیا۔ بطور انعام انھیں 5000 یو ایس ڈالر (تقریباً 4 لاکھ 15 ہزار روپے) دیے گئے۔ آپ کو جان کر حیرانی ہوگی کہ محمد سراج نے یک روزہ میچوں میں اپنی زندگی کی سب سے بہترین اننگ کے لیے ملی انعامی رقم ’گراؤنڈس مین‘ کو دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ جی ہاں، انھوں نے سری لنکائی ’گراؤنڈس مین‘ کی تعریف کی جنھوں نے لگاتار بارش کے باوجود سخت محنت سے میدان اور پچ کو خراب نہیں ہونے دیا۔ بارش کی وجہ سے فائنل میچ بھی کچھ تاخیر سے شروع ہوا تھا لیکن کھیل کے درمیان موسم خوشگوار رہا۔ ویسے گراؤنڈس مین کی محنت کو دیکھتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل نے بھی انھیں 50000 یو ایس ڈالر بطور انعام پیش کیا ہے۔