ٹیسٹ ٹیم سے باہر کیے جانے سے مایوس وکٹ کیپر بلے باز ردھیمان ساہا کا درد چھلک پـڑا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں دراوڑ اور گانگولی کا نام لیتے ہوئے ایک بیان دیا ہے جس سے ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔ ساہا نے اس بات کا انکشاف کر کے سبھی کو حیرت میں ڈال دیا ہے کہ کوچ راہل دراوڑ نے انہیں پہلے ہی ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنے کی صلاح دے ڈالی تھی۔
ردھیمان ساہا نے ٹیم سے بے دخل کیے جانے پر کہا کہ ’’ٹیم مینجمنٹ نے بہت پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اب مجھے ٹیم میں نہیں لیا جائے گا۔ چونکہ اس وقت میں ٹیم سیٹ اَپ کا حصہ تھا اس لیے میں نے یہ بات کسی کو نہیں بتائی۔‘‘ ہندوستان کے نئے کوچ دراوڑ کا ذکر کرتے ہوئے ردھیمان نے کہا کہ انہوں نے تو مجھے پہلے ہی ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنے کی بات کہہ دی تھی۔
علاوہ ازیں ساہا نے بی سی سی آئی صدر سورو گانگولی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے گزشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف پین کِلر کھا کر ناٹ آوٹ 61 رن بنائے تھے تو دادا نے مجھے واٹس ایپ پر مبارکباد دی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جب تک وہ بی سی سی آئی کے ہیڈ ہیں، تب تک مجھے سلیکشن کی فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ بورڈ صدر کے اس پیغام سے مجھے بہت ہمت ملی تھی۔ لیکن اب مجھے یہ سمجھ نہیں آ رہا ہے کہ اچانک سب کچھ کیسے بدل گیا۔