ہند-پاک ٹی-20 عالمی کپ مقابلہ تو ختم ہو چکا ہے، لیکن اس کا اثر اب بھی برقرار ہے۔ پاکستانی ٹیم کی فتح کے بعد ہندوستان میں کچھ مقامات پر پٹاخہ پھوڑنے اور جشن منانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ اس تعلق سے پولس نے کئی کیس بھی درج کیے ہیں اور گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ اب اتر پردیش کی یوگی حکومت نے پاکستانی جیت کا جشن منانے والوں کے خلاف سخت رخ اختیار کیا ہے۔ انھوں نے ایسا کرنے والوں پر ملک سے غداری کا مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔

میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق اتر پردیش میں سبھی اضلاع کے پولس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملک کے خلاف کچھ بھی ہوتا ہے تو فوری کارروائی کرتے ہوئے ملک سے غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ہندوستان کی شکست کے بعد کچھ مقامات پر پٹاخہ پھوڑے جانے اور نعرے بازی کی خبروں پر ریاستی حکومت نے رپورٹ بھی طلب کی تھی۔

غور طلب ہے کہ ٹی-20 عالمی کپ میں پاکستان نے ہندوستان کو پہلی بار شکست دی ہے۔ اس شکست کے بعد جشن منانے کے تعلق سے اتر پردیش پولس نے تقریباً نصف درجن کیس درج کیے ہیں۔ کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں جن میں سے ایک ملزم کا تعلق بدایوں سے ہے۔ 24 اکتوبر کو اس نے فیس بک پر پاکستان کی حمایت میں پوسٹ لکھ کر پاکستانی پرچم کی تصویر لگائی اور جشن منایا تھا۔ بریلی میں بھی دو لوگوں پر پاکستانی جیت پر وہاٹس ایپ اسٹیٹس لگانے کا الزام ہے۔