کیا آپ یقین کریں گے اگر کوئی حکومت سے مطالبہ کرے کہ اس کا گھر منہدم کر دیا جائے۔ ایسا اتر پردیش کے کانپور میں دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں کانپور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) سے فلیٹ خریدنے والے سینکڑوں افراد نے اپنے فلیٹ کے آگے کئی طرح کے پوسٹر لگائے ہیں۔ ان میں سے کچھ پوسٹر پر لکھا گیا ہے ’’یوگی جی… منہدم کرا دیجیے ہمارا اپارٹمنٹ‘‘۔ یہ پوسٹرس دراصل ان کی ناراضگی کا مظہر ہیں، کیونکہ انھیں لگتا ہے کہ اتھارٹی نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔

دراصل کانپور میں کے ڈی اے ریزیڈنسی اپارٹمنٹ ایک عالیشان ہاؤسنگ پروجیکٹ ہے۔ تقریباً 3 سال قبل اتھارٹی نے یہاں 250 سے زیادہ فلیٹ فروخت کیے تھے۔ اس مرتبہ بارش میں جب اپارٹمنٹ کی بیم سے کئی جگہ پانی ٹپکنے لگا تو فلیٹ مالکان یہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔ فلیٹ مالکان نے اس کی شکایت کانپور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران سے کی، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ پوسٹرس کے ذریعہ اتھارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ شروع ہو گیا ہے۔ ایک پوسٹر پر تو یہاں تک لکھا گیا ہے کہ ’’کے ڈی اے افسران نے کمیشن کھا کر ہماری موت کا اپارٹمنٹ بنایا ہے۔‘‘

فلیٹ مالکان کا کہنا ہے کہ اپنی زندگی بھر کی کمائی لگا کر فلیٹ کی خریداری کی تھی، لیکن کچھ وقت میں بیم سے پانی ٹپکنے لگا۔ ڈر ہے کہ کہیں اپارٹمنٹ گر نہ جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ شکایت پر کچھ اتھارٹی افسران حالات کا جائزہ لینے پہنچے تھے، لیکن پھر کوئی خبر نہیں۔