کورونا وبا کے دوران کئی لوگوں نے گھر بیٹھ کر اپنے اندر موجود ان تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارا جس کا موقع انھیں بھاگ دوڑ والی زندگی میں کبھی نہیں مل پایا۔ خصوصاً خواتین کا ایک بڑا طبقہ دستکاری اور لذیز کھانوں کو لے کر تجربہ کرتا نظر آیا۔ کئی خواتین نے تو اپنی پیشکش سے سبھی کو حیران کر دیا۔ کچھ ایسا ہی تجربہ ہندوستانی ریاست مغربی بنگال کی ایک خاتون نے بھی کیا جو لوگوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے۔ انھوں نے ’کورونا وڈا‘ بنایا ہے اور اس کو بنانے کا طریقہ بھی بتایا ہے۔ آپ کورونا سے بھلے ہی نفرت کرتے ہوں گے، لیکن کورونا وڈا دیکھنے میں ہی بہت لذیز معلوم پڑتا ہے۔

ممپی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو 19 جنوری کو شیئر کی گئی جس میں انھوں نے لکھا ہے ’’کورونا وڈا! بھارت کی ناری سب پر بھاری۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے @arindam75 کو ٹیگ بھی کیا ہے۔

بہرحال، ممپی ٹوئٹر ہینڈل سے جو ویڈیو شیئر کی گئی ہے، اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون چاول کے آٹے میں مختلف مصالحوں کو ملا کر وڈا تیار کر رہی ہے۔ سب سے حیران کرنے والا منظر وہ ہوتا ہے جب تیار شدہ وڈوں کو بھیگے ہوئے چاولوں میں لپیٹ کر انھیں بھاپ میں پکانے کے لیے برتن میں ڈالا جاتا ہے، اور جب وہ پک کر تیار ہوتا ہے تو بالکل کورونا وائرس کی شکل اختیار کر چکا ہوتا ہے۔ آپ بھی یہ کورونا وڈا گھر پر بنا یا بنوا سکتے ہیں۔