اب آپ دہلی میں انڈیا گیٹ کا دورہ کریں گے تو آپ کو ’امر جوان جیوتی‘ یعنی 1971 کی ہند-پاک جنگ میں شہید جوانوں کی یاد میں جل رہی شمع دیکھنے کو نہیں ملے گی۔ ایسا اس لیے کیونکہ 21 جنوری کی دوپہر تقریباً 3.30 بجے ’امر جوان جیوتی‘ کی شمع کو ’نیشنل وار میموریل‘ میں جل رہی شمع میں ملا دیا جائے گا۔ نیشنل وار میموریل انڈیا گیٹ کے دوسری طرف 400 میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ اس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے 25 فروری 2019 کو کیا تھا جہاں 25942 شہید فوجیوں کے نام سنہری حروف میں لکھے گئے ہیں۔

مرکزی حکومت کے ذریعہ ’امر جوان جیوتی‘ کی شمع ’نیشنل وار میموریل‘ کی شمع میں ملائے جانے کی مذمت بھی شروع ہو گئی ہے۔ رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’بہت دکھ کی بات ہے کہ ہمارے بہادر جوانوں کے لیے جو امر جیوتی جلتی تھی، اسے آج بجھا دیا جائے گا۔ کچھ لوگ حب الوطنی اور قربانی نہیں سمجھ سکتے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’کوئی بات نہیں، ہم اپنے فوجیوں کے لیے اَمر جوان جیوتی ایک بار پھر جلائیں گے۔‘‘

اس درمیان حکومت ہند نے راہل گاندھی کی ناراضگی پر اپنا رد عمل بھی ظاہر کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے حکومت ہند کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’امر جوان جیوتی کی شمع بجھ نہیں رہی ہے۔ اسے نیشنل وار میموریل میں جل رہی شمع میں ملا دیا جا رہا ہے۔‘‘