ہاتھوں سے تحریر کردہ قرآن پاک کا ایک نسخہ سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے۔ اس قرآن پاک کو کیرالہ کی ایک لڑکی نے انتہائی خوشخطی کے ساتھ لکھا ہے اور دیکھنے میں ایسا معلوم پڑتا ہے جیسے یہ پرنٹ کیا گیا ہے۔ بچی کا نام فاطمہ شہبا ہے اور سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹ کے مطابق اس کو تیار کرنے میں فاطمہ کو ایک سال اور دو مہینے کا وقت لگا۔

فاطمہ شہبا کے ذریعہ تحریر کردہ قرآنی نسخے کی تصویریں سید فرمان احمد کے ذریعہ شیئر کی گئی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ ’’کنّور، کیرالہ میں رہنے والی فاطمہ شہبا نے بہت خوبصورتی کے ساتھ اللہ کے پاک قرآن کو اپنے ہاتھوں سے لکھا ہے۔ قرآن کو مکمل کرنے میں فاطمہ کو ایک سال دو مہینے لگے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں فاطمہ کو دعائیں دیتے ہوئے سید فرمان نے لکھا ہے ’’ماشاء اللہ بے حد خوبصورت، اللہ فاطمہ کو خوش رکھے۔‘‘ حالانکہ اس پوسٹ میں فاطمہ کی عمر سے متعلق جانکاری نہیں دی گئی ہے، لیکن تصویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ایک کم عمر لڑکی ہے۔

موومنٹ آف ایجوکیشن اینڈ ایمپلائمنٹ فار ماسز (میم) کے صدر سید فرمان کے اس پوسٹ کو کچھ گھنٹوں میں ہی سینکڑوں لائکس مل چکے ہیں اور تقریباً 100 لوگوں نے اسے شیئر بھی کیا ہے۔ اس پوسٹ پر لگاتار لوگ تبصرہ کر رہے ہیں اور فاطمہ کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ آنے والی زندگی کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کر رہے ہیں۔