ان دنوں ’حجاب تنازعہ‘ پر ہر طرف بحث چھڑی ہوئی ہے۔ اب اس معاملے پر بالی ووڈ کو خیرباد کہہ کر حجاب استعمال کرنے والی زائرہ وسیم نے بھی اپنا موقف بڑے ہی دلچسپ طریقے سے پیش کیا ہے۔ انہوں نے حجاب پہننے والی خواتین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حجاب پہننا ایک اہم ذمہ داری ہے، اور کئی خواتین اس ذمہ داری کو بخوبی انجام دے رہی ہیں۔ زائرہ نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ’’حجاب ایک چوائس، یہ غلط ہے۔ یہ ایک طرح کا تصور ہے جسے سہولت کے مطابق بنایا گیا ہے، یہ لاعلمیت کی وجہ سے ہوا ہے۔‘‘  

زائرہ وسیم نے آگے لکھا ہے ’’میں بھی حجاب پہنتی ہوں۔ میں اس سسٹم کی مخالفت کرتی ہوں جو خواتین کو حجاب پہننے سے روکتا ہے۔ آپ انہیں حد میں باندھ رہے ہیں۔ انہیں مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ آپ کے ایجنڈا کو فروغ دینے جیسا ہے۔ وہ خواتین حجاب میں نہیں آپ نے جو سسٹم بنایا ہے اس میں قید ہیں۔‘‘ زائرہ مزید لکھتی ہیں ’’یہ جانبداری نہیں تو اور کیا ہے؟ اسے خواتین کی خود مختاری کا نام دے کر اپنی خواہشوں پر مکھوٹا چڑھایا جا رہا ہے۔ یہ بہت دکھ کی بات ہے۔‘‘

غور طلب ہے کہ زائرہ فلم ’دنگل‘ میں عامر خان کی بیٹی کا کردار نبھا کر راتوں رات اسٹار بن گئی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے ’سیکریٹ سپراسٹار‘ اور ’دی اسکائی از پنک‘ میں بھی کام کیا۔ بعد ازاں اچانک فلمی دنیا کو الوداع کہہ دیا اور مذہبی زندگی کی طرف راغب ہو گئیں۔