کارڈیلیا کروز ڈرگز کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ذریعہ آرین خان کی گرفتاری کا اثر اب ’کنگ خان‘ کے نام سے مشہور بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان پر بھی پڑتا نظر آ رہا ہے۔ ایک طرف شاہ رخ کے بیٹے آرین خان کو 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے، اور دوسری طرف ’بائجوز‘ نے شاہ رخ کو زوردار جھٹکا دیتے ہوئے ان کے اشتہارات پر روک لگا دی ہے۔
دراصل شاہ رخ خان لرننگ ایپ ’بائجوز‘ کے برانڈ امبیسڈر ہیں۔ آرین کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر جس طرح سے شاہ رخ کو ٹرول کیا گیا، اور بائجوز سے بھی سوال پوچھے گئے، اس سے بچنے کے لیے کمپنی نے سبھی اشتہارات پر روک لگا دی ہے۔ بائجوز نے شاہ رخ کے ’پری-بکنگ اشتہارات‘ کو ریلیز کرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
بائجوز کے ذریعہ اشتہارات پر لگائی گئی روک شاہ رخ کے لیے مشکل میں ڈالنے والا ثابت ہو سکتا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ بائجوز شاہ رخ کے سبھی اسپانسرشپ معاہدوں میں سب سے بڑا برانڈ تھا۔ اس برانڈ کو اینڈورس کرنے کے لیے شاہ رخ خان کو 3 سے 4 کروڑ روپے سالانہ ملتے ہیں۔ وہ اس کمپنی سے 2017 سے جڑے ہوئے ہیں، لیکن اس مشکل وقت میں شاہ رخ کو بائجوز نے جھٹکا دے دیا ہے۔ ویسے شاہ رخ اس وقت آئی سی آئی سی آئی بینک، ریلائنس جیو، ایل جی، دبئی ٹورزم، ہنڈئی جیسی تقریباً 40 کمپنیوں کو اینڈورس کر رہے ہیں۔